ایران حملہ: اسرائیل کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست

11:50 AM, 14 Apr, 2024

ویب ڈیسک: اسرائیل نے ہفتے اور  اتوار کی درمیانی شب ہونے والے ایرانی حملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس کی درخواست کر دی۔

اسرائیل نے ایرانی حملے پر سخت جوابی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نےجنگی کابینہ کو ایرانی حملے پر ردعمل دینے کا اختیار دے دیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی حملوں کا منہ توڑ جواب دیں گے، اسرائیل ہر قسم کے حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

صدر جوبائیڈن کی مذمت:

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل پر ایرانی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا آج ایران اور اس کی پراکسیز نے اسرائیل کی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا، اسرائیل پر داغےگئے تقریباً تمام ایرانی ڈرون اور میزائل امریکی مدد سے مار گرائے۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ایران حملوں سے متعلق قومی سلامتی ٹیم سے تازہ صورتحال معلوم کی ہے، ایران اوراس کے آلہ کاروں کے خطرات کے خلاف اسرائیل کے ساتھ ہیں، اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہمارا عزم آہنی ہے۔

ایران اسرائیل کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اتوار یعنی آج شام 4 بجے ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں