بجٹ2025-26:گریڈ 1 تا 16 ملازمین کیلئےبڑی خوشخبری، 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس تجویز

بجٹ2025-26:گریڈ 1 تا 16 ملازمین کیلئےبڑی خوشخبری، 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس تجویز
کیپشن: بجٹ2025-26:گریڈ 1 تا 16 ملازمین کیلئےبڑی خوشخبری، 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس تجویز

ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے خوشخبری، تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافے کی تجویز شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کے لیے 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس اور تمام سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح پنشنرز کے لیے بھی 10 فیصد اضافے کا امکان ہے تاکہ مہنگائی کے پیش نظر بزرگ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنشن کی مد میں مجموعی طور پر 1 ہزار 55 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز بجٹ میں شامل ہے، جو کہ ایک بڑا اقدام تصور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب صوبوں کو 8 ہزار 206 ارب روپے منتقل کیے جائیں گے جب کہ صوبائی ترقیاتی بجٹ کا مجموعی حجم 3 ہزار 300 ارب روپے ہوگا۔

  ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری کے دوران آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے اہداف اور اصلاحات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت آج قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرے گی، جس میں مہنگائی، تنخواہوں اور عوامی فلاح سے متعلق کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔