پی ٹی آئی کا وفاقی بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا وفاقی بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
کیپشن: پی ٹی آئی کا وفاقی بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی بجٹ کے خلاف مؤثر احتجاج کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے آج سہ پہر 3 بجے اہم مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت اور ارکان پارلیمنٹ کو شرکت کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے اندر بھرپور آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بھی ممکنہ احتجاج پر غور کیا جائے گا۔

پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اس بجٹ کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ نہ صرف بجٹ میں مہنگائی کے خاتمے اور کفایت شعاری کا کوئی خاکہ موجود نہیں، بلکہ معاشی اصلاحات کے لیے بھی حکومت نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔

بیرسٹر گوہر نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت پہلے ہی نازک صورتحال کا شکار ہے اور موجودہ حکومت کی پیش کردہ مالی پالیسیوں میں بہتری کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا۔

اس کے ساتھ ہی، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے بھی بیان دیا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی ٹیم سہ پہر تین بجے اہم اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھے گی، جس میں بجٹ کے خلاف حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ سے نہ عوام کو ریلیف ملے گا اور نہ معیشت کو استحکام۔