اسرائیلی فضائی حملہ، علی لاریجانی اور غلام رضا سلیمانی شہید

اسرائیلی فضائی حملہ، علی لاریجانی اور غلام رضا سلیمانی شہید
کیپشن: اسرائیلی فضائی حملہ، علی لاریجانی اور غلام رضا سلیمانی شہید

ویب ڈیسک: ایران کی اہم سیاسی و سکیورٹی شخصیت علی لاریجانی اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے، جبکہ بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی بھی ایک علیحدہ حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں ایک خفیہ مقام پر اسرائیلی جنگی طیاروں نے علی لاریجانی کو نشانہ بنایا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وہ تہران کے مشرقی علاقے میں اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے گئے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں ان کے بیٹے مرتضیٰ بھی شہید ہو گئے۔

ایرانی قومی سلامتی کونسل سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی ان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ "خدا کا بندہ خدا سے جا ملا"۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علی لاریجانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نمایاں اور باصلاحیت شخصیت تھے جنہوں نے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام انہیں ایران کا ڈی فیکٹو لیڈر قرار دے رہے تھے اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے بعد وہ عملی طور پر قیادت سنبھال چکے تھے۔

دوسری جانب ایک علیحدہ اسرائیلی حملے میں بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی بھی شہید ہو گئے، جو ایران کی اندرونی سکیورٹی کے اہم ترین کمانڈرز میں شمار ہوتے تھے۔