ایران کی جنگ بندی کے لیے 6 اسٹریٹجک شرائط سامنے آ گئیں

ایران کی جنگ بندی کے لیے 6 اسٹریٹجک شرائط سامنے آ گئیں
کیپشن: ایران کی جنگ بندی کے لیے 6 اسٹریٹجک شرائط سامنے آ گئیں

ویب ڈیسک: ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ ملک نے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے علاقائی فریقوں اور ثالثوں کے سامنے چھ اہم اسٹریٹجک شرائط رکھ دی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے والے عہدیدار کا کہنا ہے کہ مختلف علاقائی فریقین نے ایران کو جنگ بندی کی تجاویز دی ہیں، تاہم ایران نے ایک نئے قانونی و اسٹریٹجک فریم ورک کے تحت اپنی شرائط واضح کر دی ہیں۔

عہدیدار کے مطابق پہلی اور سب سے اہم شرط یہ ہے کہ مستقبل میں جنگ دوبارہ شروع نہ ہونے کی ٹھوس ضمانت دی جائے۔

دوسری شرط خطے میں امریکی فوجی اڈوں کی بندش ہے، جبکہ تیسری شرط میں جارح فریق کو پیچھے ہٹانے اور ایران کو ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔

چوتھی شرط کے طور پر ایران نے تمام علاقائی محاذوں پر جنگ کے مکمل خاتمے پر زور دیا ہے، جبکہ پانچویں شرط آبنائے ہرمز کے لیے ایک نئے قانونی نظام کے نفاذ سے متعلق ہے۔

چھٹی اور آخری شرط ایران مخالف میڈیا سرگرمیوں کے خلاف قانونی کارروائی اور ایسے عناصر کو ملک بدر کرنے سے متعلق ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ شرائط کن ثالثوں کے ذریعے امریکا اور اسرائیل تک پہنچائی گئی ہیں، تاہم ایرانی سکیورٹی و سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔

عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران ایک طے شدہ حکمت عملی کے تحت مرحلہ وار پیش رفت کر رہا ہے اور دشمن کے فضائی دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے، جبکہ ایران کو اب فضا میں برتری حاصل ہے، اسی لیے فوری جنگ بندی کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔