علی لاریجانی کی شہادت آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے بڑا سانحہ ہے،برطانوی اخبار

علی لاریجانی کی شہادت آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے بڑا سانحہ ہے،برطانوی اخبار
کیپشن: علی لاریجانی کی شہادت آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت سے بڑا سانحہ ہے،برطانوی اخبار

ویب ڈیسک: برطانوی اخبار نے علی لاریجانی کی شہادت کو ایران کے لیے انتہائی بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے اسے آیت اللہ علی خامنہ ای کی ممکنہ شہادت سے بھی زیادہ اثر انگیز واقعہ قرار دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق علی لاریجانی ایک بااثر اور تجربہ کار سیاسی شخصیت تھے جن کا اثر و رسوخ نہ صرف ایران بلکہ روس اور چین سمیت کئی اہم ممالک تک پھیلا ہوا تھا، اور یہی وجہ تھی کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔

اخبار نے مزید لکھا کہ علی لاریجانی کی موت ایران کے لیے قاسم سلیمانی کے بعد سب سے بڑا نقصان ہے، جس نے ملکی سیاسی و سکیورٹی ڈھانچے پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

رپورٹ میں یورپی کونسل برائے بین الاقوامی تعلقات سے وابستہ ایرانی امور کی ماہر ایلی جیرن مائے کا انٹرویو بھی شامل کیا گیا، جس میں انہوں نے کہا کہ بینجمن نیتن یاہو کی کوشش ہے کہ جنگ بندی اور ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس موجود تمام راستے بند کر دیے جائیں۔

ایلی جیرن مائے کے مطابق علی لاریجانی وہ اہم شخصیت تھے جو جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے تھے، اور ان کی عدم موجودگی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔