پاک-بھارت کشیدگی: کراچی اوراسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

پاک-بھارت کشیدگی: کراچی اوراسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل
کیپشن: پاک-بھارت کشیدگی: کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل

ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے باعث کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ دیگر شہروں میں پروازیں جزوی متاثر ہوئیں۔

جمعرات کی صبح لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی حدود میں متعدد اہم فضائی راستے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے تھے۔ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں کم از کم سات فضائی روٹس بند کیے گئے، جب کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر عارضی طور پر کمرشل طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف روک دی گئی۔

ائیرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاہور اور سیالکوٹ ایئرپورٹس پر مختصر تعطل کے بعد فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت کچھ پروازیں متاثر ہوئیں۔

ادھر کراچی ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بدستور معطل ہے، اور ائیرلائنز کو متبادل شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے آزاد کشمیر، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی پر حملوں کے بعد ملک بھر میں فضائی آپریشن متاثر ہوا تھا، اور ائیر اسپیس 48 گھنٹوں کے لیے معطل کر دی گئی تھی۔

سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام فیصلے قومی سلامتی اور مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔