پاکستان کو روایتی جنگ میں بھارت پر برتری حاصل ہوچکی، عطاءاللہ تارڑ

پاکستان کو روایتی جنگ میں بھارت پر برتری حاصل ہوچکی، عطاءاللہ تارڑ
کیپشن: پاکستان کو روایتی جنگ میں بھارت پر برتری حاصل ہوچکی، عطاءاللہ تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پانچ بھارتی طیاروں اور 77 ڈرونز کو کامیابی سے گرا کر پاکستان نے روایتی جنگ میں واضح برتری حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور اب تک بھارت کے 77 ڈرونز کو کامیابی سے گرانا پاکستان کی فضائی صلاحیتوں اور فوجی برتری کا واضح ثبوت ہیں ۔پاکستان کو روایتی جنگ میں بھارت پر برتری حاصل ہو چکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے۔ پاکستان نے اپنا یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے اور کرے گا۔حالیہ دنوں میں بھارت نے نہ صرف عسکری محاذ پر اشتعال انگیزی کی بلکہ اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے داخلی سطح پر میڈیا پر بدترین پروپیگنڈا مہم شروع کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا پر منظم انداز میں فیک نیوز، پرانی تصاویر اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے، جو بھارتی حکومت کی گھبراہٹ، ناکامی اور بدحواسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان نے بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جس سے بھارت کو مزید ہزیمت اٹھانا پڑی۔

جھوٹے بیانیے کے ذریعے بھارت کی ناکامی چھپانے کی ناکام کوشش پوری دنیا نے دیکھی ہے اور بھارت کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔