پاک فوج نے 12 شہروں میں بھارتی ڈرون مار گرائے،ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج نے 12 شہروں میں بھارتی ڈرون مار گرائے،ڈی جی آئی ایس پی آر
کیپشن: پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہے:ڈی جی آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: بھارت کی طرف سے پاکستانی فضائی حدود میں دراندازی کی ایک اور کوشش بری طرح ناکام بنادی گئی ہے۔ ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاک فوج نے 12 شہروں میں بھارتی ڈرون مار گرائے۔ ان شہروں میں گوجرانوالہ، ڈہرکی، چکوال، شیخوپورہ، اور گجرات شامل ہیں۔ ایک ڈرون کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی گرنے کی اطلاعات ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعرات کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے 7 اور 8 مئی کی درمیانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی گئی۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارت نے گزشتہ رات مختلف مقامات پر ڈرون بھیجے، پاک فوج نے لاہور، گوجرانولا، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، میانو، چھور اور کراچی سمیت 12 شہروں میں بھارتی ڈرون مار گرائے،تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز کا ملبہ متعلقہ علاقوں میں موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرون گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ایک بھارتی ڈرون پاکستانی فوجی تنصیب سے ٹکرانے میں کامیاب ہوئے جس میں پاک فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے اور میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا جبکہ عسکری سامان کو معمولی نقصان پہنچا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، ہندوستان نے پاکستان کی فضائی حدود کی دوبارہ خلاف ورزی کی، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، رات کو بھی افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ڈرون بھیجنا کھلی جارحیت ہے، بھارت مساجد اور شہریوں پر حملوں کا مرتکب ہوا ہے، جیسے جیسے صورت حال آگے بڑھتی رہے گی آپ کو میں اس حوالے سے آگاہ کرتا رہوں گا۔