پاک فوج اور قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا،وفاقی ادارے کی خاتون اہلکار پرمقدمہ درج

پاک فوج اور قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا،وفاقی ادارے کی خاتون اہلکار پرمقدمہ درج
کیپشن: پاک فوج اور قومی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا،وفاقی ادارے کی خاتون اہلکار پرمقدمہ درج

ویب ڈیسک: نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے پاک فوج اور دیگر قومی اداروں کے خلاف مبینہ پروپیگنڈے کے الزام میں وفاقی محکمہ کی اعلیٰ خاتون اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ لاہور میں سرکاری مدعیت میں پیکا (پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ) سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ کا تعلق ایک وفاقی ادارے سے ہے اور وہ اعلیٰ عہدے پر فائز ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ملزمہ نے ایک واٹس ایپ گروپ میں موجود افراد کو قومی اداروں، بالخصوص پاک فوج کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی۔

تحقیقات کے دوران ملزمہ کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹ حاصل کی گئی، جس میں پاک فوج سے متعلق تضحیک آمیز اور قابل اعتراض پیغامات کی تصدیق ہوئی ہے۔

سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق یہ پیغامات ملکی سالمیت اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم کا حصہ قرار دیے جا سکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔