الیکشن میں چھیڑ چھاڑ ہوئی تو 9 مئی والوں کو بھول جائینگے،بلاول بھٹو کا دو ٹوک بیان

 الیکشن میں چھیڑ چھاڑ ہوئی تو 9 مئی والوں کو بھول جائینگے،بلاول بھٹو کا دو ٹوک بیان
کیپشن: Bilawal Bhutto
سورس: ویب ڈیسک

(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنے تو انہوں نے پھر انتقام کی سیاست شروع کردینی ہے، میاں صاحب جب بھی لڑے اُنہی سے لڑے جو انہیں لے کر آئے، اگر پرانے سیاستدانوں کی حکومت بنی تو پھر دھرنے کی سیاست شروع ہو جانی ہے۔

لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ نے ہمارے خاندان کے ساتھ وفاداری نبھا کر تاریخ رقم کی ہے۔لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پاکستان ایٹمی طاقت بن جاتا ہے، لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پھر پاکستان مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پوری دنیا اس کی بات مانتی ہے، لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے تو پسماندہ طبقات کی نمائندگی ہوتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ کا منتخب وزیراعظم عوام کی ترقی کی بات کرتا ہے دوستوں کی نہیں، لاڑکانہ وزیراعظم منتخب کرتا ہے تو مزدوروں کو محنت کا صلہ بھی ملتا ہے، نوجوانوں کو روزگار بھی ملتا ہے، ملک کا سفید پوش طبقہ بھی ترقی کرتا ہے، ملک کے چھوٹے تاجر بھی ترقی کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل سے نکلنے کیلئے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا ہوگا، یہ لوگ جیت گئے تو ایک بار پھر دھرنے کی سیاست ہوگی، یہ لوگ جیت کر سیاسی مخالفین کے ساتھ پکڑ دھکڑ کریں گے، جنہوں نے حکومت دی یہ انہیں سے لڑ پڑے، ان کی وجہ سے جمہوریت اور پاکستان کا ہوا، نقصان پاکستانی معیشت اور عوام کا ہوا، وہ ایک بار پھر وزیراعظم بننے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک بار پھر وزیراعظم بننے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں، چوتھی بار وزیراعظم بننے کے بعد بھی انہوں نے رونا ہی ہے،چھ مہینے بعد پھر یہی ہونا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، مجھےکیوں بلایا۔ آپ نے 8 فروری کو انہیں منہ توڑ جواب دینا ہے، 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کر شیر کا راستہ روکنا ہے، یہ شیر کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کا خون چوستا ہے۔ہم وفاق سے 17 وزارتوں کو ختم کریں گے۔

اشرافیہ کی سبسڈی ختم کردیں گے، ہم عام آدمی کی آمدنی میں اضافہ کریں گے، ہم سولر سسٹم سے 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، غریب عوام کیلئے 30 لاکھ گھر بنائے جائیں گے، ملک بھر کی کچی آبادیوں کو ریگولائز کروائیں گے، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، نوجوانوں کیلئے بےنظیر یوتھ کارڈ لائیں گے، مزدوروں اور کسانوں کیلئے بھی کارڈز لائیں گے، ہم ملک بھرمیں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، بچوں کو اسکولوں میں کھانا کھلایا جائے گا، تعلیم اور صحت کارڈ پر کام شروع کردیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ شفاف الیکشن ہوئے تو میں لاہور سے الیکشن جیتوں گا، میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ سندھ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں، جانتاہوں کہ سندھ میں مسئلے مسائل ہیں، اس کے باوجود سندھ کے عوام نے ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا، کراچی اور حیدرآباد کے عوام نے ہمیں میئرشپ دلوائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں چھیڑ چھاڑکی گئی تو پیچھا کروں گا، ایسا پیچھا کروں گا کہ 9 مئی والوں کو بھول جائیں گے، میں جانتا ہوں کہ گڑبڑ کرنے والے کون ہیں اور کہاں بیٹھےہیں، مخالفین شفاف طریقے سے الیکشن جیتتے ہیں تو بسمہ اللہ، لیکن ووٹ پر ڈاک منظور نہیں ہوگا۔