ویب ڈیسک: پاکستان ایئر فورس کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے جانے کے بعد چین کی معروف دفاعی کمپنی " چینگدو ایرو اسپیس کارپوریشن" کے شیئرز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ کمپنی جدید J-10C لڑاکا طیاروں کی تیاری کے لیے مشہور ہے، جو اس وقت پاکستانی فضائیہ کے اہم ترین طیاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ فضائی جھڑپ میں پاکستان نے بھارت کے 5 طیارے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے، مؤثر فضائی کارروائی کے ذریعے تباہ کیے۔ ان میں سے چند طیارے J-10C کے نشانے پر آئے، جس سے ان کی صلاحیتوں پر ایک بار پھر اعتماد بڑھا ہے۔

اس کامیابی کے بعد چین کے دفاعی شعبے کو عالمی سطح پر نئی توجہ حاصل ہوئی ہے۔ اسٹاک مارکیٹس میں چینی کمپنی کے حصص میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو ماہرین کے مطابق J-10C کی کامیاب کارکردگی کا براہِ راست نتیجہ ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ساز و سامان نے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ چین کے تیار کردہ اسلحہ کی ساکھ بھی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ J-10C پہلے ہی کئی ممالک کی دلچسپی حاصل کر چکے ہیں، اور اب ان کی بین الاقوامی مانگ میں اضافہ متوقع ہے۔
ادھر بھارت کو اس عسکری ناکامی کے بعد سفارتی سطح پر بھی شدید تنقید اور دباؤ کا سامنا ہے، جو اس کی علاقائی پوزیشن کو مزید کمزور کر سکتا ہے۔










