آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت سےشہید خادمِ مسجد کی نماز جنازہ ادا ،سپردخاک کردیاگیا

آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت سےشہید خادمِ مسجد کی نماز جنازہ ادا ،سپردخاک کردیاگیا
کیپشن: آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت سےشہید خادمِ مسجد کی نماز جنازہ ادا ،سپردخاک کردیاگیا

ویب ڈیسک: گزشتہ رات بھارت کی بزدلانہ گولہ باری کے نتیجے میں شوائی نالے کے علاقے میں واقع بلال مسجد کے خادم محمد یعقوب شہید ہو گئے، وہ علاقے میں ایک شریف، نیک سیرت اور خدمت گزار شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔

تفصیلات  کے مطابق محمد یعقوب کی نمازِ جنازہ یونیورسٹی کیمپس میں ادا کی گئی، وزیر آزاد کشمیر پیر مظہر سعید نے نمازِ جنازہ پڑھائی، جنازے میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکائے جنازہ نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں اور حالیہ قربانیوں سے ان کا حوصلہ پست نہیں ہوگا، ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

جنازے میں شریک شہریوں نے بھارت کی اس جارحانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے خلاف آواز اٹھائے۔