عوام کے خون کے آخری قطرے کا بھی حساب لیا جائے گا، ترجمان پاک فوج

عوام کے خون کے آخری قطرے کا بھی حساب لیا جائے گا، ترجمان پاک فوج

(ویب ڈیسک ) ڈی جی آئی ایس پی آر   احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ اپنے عوام اور زمین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل  احمد شریف چوہدری نے   نیوز بریفنگ میں  کہا کہ بھارتی حملے میں 31 شہری شہید، 57 زخمی ہوئے۔  بھارتی بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جا ئے کم ہے۔ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا۔کم عمر اور نہتے شہری بھارتی حملے کا نشانہ بنے۔ بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا کہاں کی بہادری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ   بھارت  نے پاکستان  میں دہشتگردی کو فروغ دیا۔حملے میں مساجد کو نشانہ بنایا گیا، قرآن مجید شہید کیے گئے۔دنیا میں وہ کونسا مذہب ہے جو عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کی اجازت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب کہ حملہ ہوا تو پاک فوج نے اپنے دفاع میں صرف ملٹری ٹارگٹس کو چنا۔ہم نے دمشن کے 3 رافیل سمیت 5 طیارے مار گرائے۔ایل او سی پر جوابی کارروائی میں متعدد بھارتی چیک پوسٹوں کو تباہ کیا گیا۔بھارتی چیک پوسٹوں سے بلااشتعال گولہ باری اور فائرنگ کی جا رہی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کہا کہ  مختلف قسم کے   بھارت کے 7 ڈرون تباہ کیے گئے۔جوابی کارروائی میں پاک فوج کا ایک بھی سپاہی شہید نہیں ہوا۔فضائی معرکے میں پاکستان کا ایک بھی طیارہ تباہ نہیں ہوا۔بھارتی حملے  کے وقت 57 بین الاقوامی فلائٹس پاکستان فضائی حدود میں تھیں۔ بھارت نے سینکڑوں مسافروں کی جانیں خطرے میں ڈالیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈوپراجیکٹ پر بھی بھارت نے شیلنگ کی۔جنیوا کنونشن کے تحت پانی کے ذخائر پر کسی صورت حملہ نہیں کیا جا سکتا۔قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھرپور جواب کا اختیار دیا ہے۔امن کی خواہش کو کبھی بھی ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دینے پر قوم کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ملکی خومختاری کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔غیور عوام کے خون کے آخری قطرے کا بھی حساب لیا جائے گا۔