(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے دشمن نے اندھیرے میں ماضی کی طرح حملے کی ناپاک کوشش کی۔بہادر افواج نے ہندوستان کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ اور تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے اہم موقع پر ایوان سے مخاطب ہوں،آج پوری قوم متحد ہے۔ہمارے دشمن نے اندھیرے میں ماضی کی طرح حملے کی ناپاک کوشش کی۔بہادر افواج نے ہندوستان کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ اور تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا بھارت نے حملے میں عورتوں ، بچوں سمیت نہتے شہریوں کو شہید کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حملے میں بچوں سمیت کئی پاکستانی شہید ہوئے، اللہ شہدا کےدرجات میں بلندی عطا فرمائے، 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا، بھارت نے10منٹ میں ایف آئی آر درج کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ حملے کے فوری بعد پاکستان پرالزام لگا دیا، بھارت نے دنیا کو باور کروانے کی کوشش کی پاکستان ملوث ہے، کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں ٹرین ہائی جیک کی گئی، واقعہ کے تانے بانے بھارت سے ملتے تھے، ہمارے پاس ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔
انھوں نے خطاب میں کہا کہ ہمارے ایس ایس جی کے جوانوں نے شہریوں کی جانیں بچائیں، بھارت نے واقعے کی مذمت تک نہیں کی، بھارت نے واقعے کا سنگدلی سے مذاق بنایا تھا، میرے دورے ترکیہ کے دوران پہلگام واقعہ کی اطلاع ملی، پاکستان کا پہلگام واقعہ کا دور دور تک تعلق نہیں، میں نے واقعہ کی غیر جانبدار واقعے کی تحقیقات کا کہا، پاکستان نے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان حملے کا جواب دینے کیلئے 24 گھنٹے تیار تھی، بھارت نے رافیل جہاز خریدے، اس پر بہت ناز کرتا ہے، ہماری افواج نے بھارت کے رافیل جہاز مار گرائے، ایئرچیف ظہیر بابر کو سب کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ ہم ہر لمحہ بھارتی عزائم سے اچھی طرح واقف تھے، کل بھارت نے مکمل تیاری سے 80 جہازوں کے ساتھ حملہ کیا، بھارت کی جانب سے پاکستان میں آزاد کشمیر، بہاولپور، شیخوپورہ، سیالکوٹ سمیت 6 شہروں پر حملہ کیا گیا، ہمارے جہازوں نے سرحد عبور نہیں کی، ہمارے عقابوں نے بھارتی جہازوں کو مار گرایا، بھارتی جہازوں میں رافیل جہاز بھی شامل تھے۔ کل رات بھارت کے ہوش ٹھکانےآگئے ہیں۔
وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ کل رات ہمارے دشمنوں کو نیند نہیں آئی، ہمارے دوستوں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ گیا ہے، اسلام آباد میں ایک شہید کا جنازہ ہے، جنازے میں صدر اور آرمی چیف سمیت مجھے بھی شریک ہونا ہے، ہمارے شہدا نے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا، یہ شہید پاکستان کے ہیرو ہیں۔ کل اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح نصیب فرمائی۔











