اسحاق ڈار کی پاکستان اور بھارت کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطے کی تصدیق

اسحاق ڈار کی پاکستان اور بھارت کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطے کی تصدیق
کیپشن: اسحاق ڈار کی پاکستان اور بھارت کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان رابطے کی تصدیق

ویب ڈیسک: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود دونوں ملکوں کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز (این ایس ایز) کے مابین رابطہ ہوا ہے۔

ترک میڈیا کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اگرچہ بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات ناقابلِ معافی ہیں، تاہم پاکستان ذمہ داری کے ساتھ اپنا مؤقف پیش کر رہا ہے اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مناسب ردعمل دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے بھارتی رویے کو ’جنگی اقدام‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر بھی اس معاملے کو اجاگر کیا ہے اور سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طٰحہٰ سے رابطہ کر کے بھارت کی حالیہ جارحیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارت نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں — کوٹلی، مظفر آباد، باغ — کے علاوہ پنجاب کے شہروں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں دو مساجد شہید ہوئیں جب کہ 31 افراد شہید اور 51 زخمی ہوئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں کیے گئے ان حملوں کا پاکستان نے مؤثر جواب دیا۔ پاکستان ایئر فورس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے تین رافیل، ایک مگ-29، ایک ایس یو-30 لڑاکا طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔

اس سنگین صورتحال میں دونوں ممالک کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کے درمیان ہونے والے رابطے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایک ممکنہ کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔