ایران نے حملہ کیا تو اسرائیل کا دفاع کریں گے،ڈونلڈٹرمپ کا بیان

ایران نے حملہ کیا تو اسرائیل کا دفاع کریں گے،ڈونلڈٹرمپ کا بیان
کیپشن: ایران نے حملہ کیا تو اسرائیل کا دفاع کریں گے،ڈونلڈٹرمپ کا بیان

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایران پر اسرائیلی حملوں سے قبل ہی اس منصوبے سے آگاہ تھے۔ امریکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ امریکا نے ان حملوں میں کوئی عملی کردار ادا نہیں کیا، لیکن ضرورت پڑنے پر وہ اسرائیل کے دفاع میں اس کا ساتھ دیں گے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی اولین ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے پاس جوہری بم کا ہونا ناقابلِ قبول ہے اور واشنگٹن کی خواہش ہے کہ تہران مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی کارروائی دفاعی نوعیت کی تھی اور امریکا کو اس بارے میں پیشگی اطلاع حاصل تھی۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ حملے میں متعدد ایرانی رہنما مارے گئے ہیں۔

ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں ایک " اہم اتحادی ملک" سے بھی قبل از حملہ رابطے کی تصدیق کی، تاہم اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے موجودہ صورت حال پر غور کے لیے اپنی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جس کا مقصد ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ایران پر ہونے والے حملے یکطرفہ تھے اور امریکا اس کارروائی میں شریک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کی ترجیح خطے میں اپنے فوجیوں اور سفارتی عملے کی حفاظت ہے، اور ایران کو امریکی مفادات کو نشانہ بنانے سے باز رہنا چاہیے۔