یورپی طاقتوں کی ایران کو جوہری پروگرام پرسنجیدہ مذاکرات کی پیشکش

یورپی طاقتوں کی ایران کو جوہری پروگرام پرسنجیدہ مذاکرات کی پیشکش
کیپشن: یورپی طاقتوں کی ایران کو جوہری پروگرام پرسنجیدہ مذاکرات کی پیشکش

ویب ڈیسک: جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے ایران کو جوہری پروگرام پر فوری اور سنجیدہ مذاکرات کی پیشکش کر دی ہے، تاکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر مذاکرات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ماضی میں کئی مواقع ضائع کیے، تاہم اب امید کی جا رہی ہے کہ تہران سنجیدہ اور مثبت ردعمل دے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ تینوں یورپی ممالک خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران سے کھلی اور براہ راست بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

امریکا-ایران مذاکرات کا چھٹا دور منسوخ

ادھر ایران اور امریکا کے درمیان متوقع جوہری مذاکرات کا چھٹا دور منسوخ کر دیا گیا ہے، جس کی تصدیق عمانی وزیر خارجہ نے بھی کر دی ہے۔ ان کے مطابق یہ مذاکرات مسقط میں ہونا تھے، لیکن اب دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔

عمانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ سفارت کاری اور مذاکرات ہیں، اور عمان اس عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

ایران کا امریکا سے مذاکرات سے انکار

خیال رہے کہ ایران نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ اسرائیل کے حالیہ حملوں کے دوران امریکا سے مذاکرات میں شرکت نہیں کرے گا۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ "ایسے حالات میں جب ایران پر حملے جاری ہیں، امریکا سے بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں۔"

مبصرین کے مطابق موجودہ صورتحال میں ایران اور مغرب کے درمیان سفارتی تناؤ مزید بڑھ سکتا ہے، تاہم یورپی ممالک کی مداخلت سے کسی حد تک بہتری کی امید کی جا سکتی ہے۔