ویب ڈیسک: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگی صورت حال نے عالمی فضائی نقل و حمل کو شدید متاثر کیا ہے، اور صرف دو دنوں میں دنیا بھر میں چھ ہزار پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق تنازع کے بعد سب سے زیادہ اثر اسرائیل کے تل ابیب بین گوریان ایئرپورٹ پر پڑا ہے، جبکہ خطے کے دیگر بڑے ہوائی اڈے جیسے دمشق، بغداد، تہران، بیروت اور اردن کا امان کوئین عالیہ ایئرپورٹ بھی جزوی یا مکمل طور پر بند ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل، ایران اور عراق کی فضائی حدود مکمل طور پر بند ہیں، جبکہ اردن، لبنان اور شام کی فضائی حدود سے محدود پروازوں کو پیشگی اجازت کے ساتھ گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تل ابیب ایئرپورٹ سے 44 ممالک کے لیے روزانہ 100 ایئرپورٹس کی پروازیں روانہ ہوتی ہیں۔
عمان ایئرپورٹ سے 81 ایئرپورٹس کے لیے 40 ممالک کی پروازیں جاتی ہیں۔
دمشق ایئرپورٹ 13 ممالک کے 20 ایئرپورٹس سے منسلک ہے۔
بغداد ایئرپورٹ سے 18 ممالک کے لیے 32 پروازیں چلتی ہیں۔
تہران ایئرپورٹ سے 23 ممالک کے 51 ایئرپورٹس پر پروازیں جاتی ہیں۔
بیروت ایئرپورٹ سے 26 ممالک کے 49 ایئرپورٹس کو سروس فراہم کی جاتی ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا کے مطابق، ان ہوائی اڈوں سے یومیہ تقریباً 3 ہزار پروازیں منسوخ ہو رہی ہیں، جب کہ متعدد پروازیں تاخیر یا راستہ تبدیل ہونے کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی ہیں۔


