ویب ڈیسک: ایران کے تازہ میزائل حملے کے دوران تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کو معمولی نقصان پہنچا ہے، تاہم امریکی سفیر نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں تمام امریکی اہلکار محفوظ رہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، تل ابیب میں پیش آئے واقعے کے بعد سفارتخانے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، اور آج اسے عوامی خدمات کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران نے علی الصبح اسرائیل پر ایک اور بڑا میزائل حملہ کیا جس میں تقریباً 100 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ان حملوں کے دوران تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں زوردار دھماکے سنے گئے۔
اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کرنے کی کوشش کی، تاہم کچھ میزائل اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
ایران کے ایک میزائل نے حیفہ میں واقع پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور وسطی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔ حکام کے مطابق، حیفہ میں میزائل حملے سے کم از کم 4 افراد زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ اتوار کی رات کو بھی ایران نے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر شدید حملے کیے تھے، جن میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔


