ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ: بیلسٹک میزائلوں کی بارش، 7 ہلاک، 67 زخمی

ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ: بیلسٹک میزائلوں کی بارش، 7 ہلاک، 67 زخمی
کیپشن: ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ: بیلسٹک میزائلوں کی بارش، 7 ہلاک، 67 زخمی

ویب ڈیسک: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی ایک نئی شدت اختیار کر گئی ہے، جب تہران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر ایک اور بھرپور میزائل حملہ کیا۔ ایرانی فوج نے تقریباً 100 بیلسٹک میزائل داغے جنہوں نے وسطی اسرائیل کے بجلی کے نظام کو مفلوج کر دیا، جب کہ شہر حیفہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

حملوں میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ایرانی میزائل تل ابیب، یروشلم، حیفہ، ایلات اور دیگر علاقوں میں گرے، جن سے درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ حیفہ پاور پلانٹ پر حملے کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ بھی متاثر

امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے تصدیق کی ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں سے ہونے والے دھماکوں کے جھٹکوں سے معمولی نقصان پہنچا، تاہم کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔ امریکا نے عارضی طور پر اپنے سفارتخانے اور قونصل خانے بند کر دیے ہیں۔

ایران کا پیغام: "اسرائیل کو رہنے کے قابل جگہ نہیں چھوڑیں گے"

ایرانی فوج نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے تمام حمایتی جان لیں، مؤثر اور ہدف شدہ حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک اسرائیل کا خاتمہ نہ ہو جائے۔ اسرائیلی بستیوں کو فوری طور پر خالی کرنے کی تنبیہ بھی جاری کی گئی ہے۔

 دونوں ممالک کے درمیان شدید جانی نقصان

ایرانی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 224 ایرانی شہری شہید ہو چکے ہیں، جن میں 90 فیصد عام شہری، 14 ایٹمی سائنسدان اور 20 فوجی کمانڈرز شامل ہیں۔ دوسری طرف ایرانی حملوں میں اسرائیل کے 14 شہری ہلاک، 380 زخمی جبکہ 35 لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔

اہم تنصیبات پر حملے اور تباہی

ایران کا بن گورین ایئرپورٹ، نیتن یاہو کا آبائی گھر اور تل ابیب کی کئی عمارتیں نشانہ
اسرائیل کا تہران، مشہد، اور ایرانی وزارت خارجہ پر میزائل حملے کا دعویٰ
مشہد میں امام رضاؑ کے روضے کے قریب دھویں کے بادل، 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا
ایران نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل نے تہران میں واقع وزارتِ خارجہ کی عمارت کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جس سے کئی شہری زخمی ہوئے۔

پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ افسران شہید

اسرائیلی حملے میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے انٹیلی جنس چیف جنرل محمد کاظمی، ان کے نائب جنرل حسن محقق اور جنرل محسن باقری شہید ہو گئے ہیں۔ سپاہ پاسداران نے ان شہادتوں کو ایران کی خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے اور شدید ردعمل کی دھمکی دی ہے۔

اسرائیل میں ہنگامی حالت 30 جون تک توسیع

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تباہ حال علاقوں کا دورہ کیا اور ہنگامی صورتحال میں 30 جون تک توسیع کا اعلان کر دیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات اور دفاعی ڈھانچے پر مزید حملے جاری رکھے گا۔