ایران اسرائیل تنازع: صدر ٹرمپ کا جی 7 اعلامیے پر دستخط سے انکار

ایران اسرائیل تنازع: صدر ٹرمپ کا جی 7 اعلامیے پر دستخط سے انکار
کیپشن: ایران اسرائیل تنازع: صدر ٹرمپ کا جی 7 اعلامیے پر دستخط سے انکار

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی 7 سربراہی اجلاس کے اختتامی اعلامیے پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تناؤ کم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ کینیڈا میں ہونے والے جی 7 اجلاس کے اعلامیے کی توثیق نہیں کریں گے، کیونکہ اس مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بعض نکات امریکا کی پالیسی سے ہم آہنگ نہیں۔

مسودے میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جب کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ اعلامیے میں توانائی کی عالمی منڈیوں میں استحکام اور عالمی معیشت میں توازن برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی شامل ہے۔

اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ایران کو جوہری معاہدے پر دستخط کر لینے چاہئیں، تاکہ اس کے جوہری عزائم کو محدود کیا جا سکے۔

ادھر امریکی صدر نے جی 7 اجلاس میں اپنی شرکت مختصر کرتے ہوئے قبل از وقت وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ آج واشنگٹن پہنچ کر اہم داخلی و خارجی امور پر اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ جی 7 اجلاس کا آغاز 15 جون کو ہوا تھا، اور آج اس کا باضابطہ اختتام متوقع ہے۔