پینٹاگون نے ایران پر امریکی حملے کی خبروں کی تردید کر دی

پینٹاگون نے ایران پر امریکی حملے کی خبروں کی تردید کر دی

ویب ڈیسک:  امریکی وزارت دفاع  نے ایران پر امریکی جنگی طیاروں کے حملے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔   امریکی وزارت دفاع نے بیان میں کہا ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فضائی کارروائی میں امریکہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پینٹاگون نے واضح کیا ہے کہ ایران پر حملے میں امریکی جنگی طیاروں کی شرکت سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں، اس حوالے سے ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے بھی کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملے کی خبریں سراسر غلط ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔

یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی چینل 14 نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران پر ہونے والے حالیہ حملے میں اسرائیلی فضائیہ کے ساتھ ساتھ امریکی جنگی طیارے بھی شریک تھے۔ تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہےجس کے بعد خطے میں ممکنہ فوجی کارروائیوں کے حوالے سے افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم امریکہ کی اس وضاحت کے بعد ان افواہوں کی بھی نفی ہو گئی ہے۔