ایران کا سلامتی کونسل کو انتباہ: اسرائیل کے حمایتی ممالک حملوں کے ذمہ دار ہوں گے

ایران کا سلامتی کونسل کو انتباہ: اسرائیل کے حمایتی ممالک حملوں کے ذمہ دار ہوں گے
کیپشن: ایران کا سلامتی کونسل کو انتباہ: اسرائیل کے حمایتی ممالک حملوں کے ذمہ دار ہوں گے

ویب ڈیسک: ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملوں میں معاونت کرنے والے ممالک اس بحران کے ممکنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں، کیونکہ وہ بھی ان کارروائیوں کے قانونی طور پر ذمہ دار سمجھے جائیں گے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے امیر سعید ایراوانی نے سلامتی کونسل کو ارسال کردہ خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایران نے صرف اپنے دفاع کے حق کے تحت جوابی کارروائیاں کی ہیں، جن کا مقصد صرف اور صرف اسرائیلی فوجی تنصیبات اور ان سے منسلک بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا ہے۔

بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایراوانی نے امریکا کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی عسکری امداد، انٹیلیجنس معلومات اور سیاسی حمایت نہ ہوتی، تو اسرائیل ایران پر حملہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تھا۔ ان کے مطابق اس بنا پر امریکا بھی ان حملوں کا شریکِ جرم ہے۔

ایرانی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے کسی تنازع میں پہل نہیں کی، اور اسرائیلی بیانیہ کہ "ایران اس کے وجود کے لیے خطرہ ہے" محض ایک جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی ملک اسرائیلی جارحیت میں اس کی مدد کرے گا، اسے ممکنہ نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ادھر اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب ڈینی ڈینون نے ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حملوں کا ہدف عام شہری تھے، جبکہ اسرائیل کی کارروائیاں مبینہ طور پر حکومتی اور عسکری عناصر کے خلاف کی جا رہی ہیں۔