اسرائیلی جارحیت کے دوران کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی، ایران کا دوٹوک پیغام

اسرائیلی جارحیت کے دوران کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی، ایران کا دوٹوک پیغام
کیپشن: اسرائیلی جارحیت کے دوران کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی، ایران کا دوٹوک پیغام

ویب ڈیسک: ایران نے جنگ بندی سے متعلق کسی بھی قسم کے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک قطر اور عمان کو باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے دوران وہ کسی قسم کی بات چیت نہیں کرے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے مابین حملوں کا تبادلہ ہوا ہے، جس سے خطے میں وسیع جنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی مؤقف واضح ہے: جب تک اسرائیل کے حملے جاری ہیں، ایران مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ قطری اور عمانی ثالثوں کو بتایا گیا ہے کہ مذاکرات اسی صورت میں ممکن ہیں جب اسرائیل کے حملوں کا مکمل اور مؤثر جواب دیا جا چکا ہو۔

ساتھ ہی ایرانی ذرائع نے ان خبروں کو بھی مسترد کیا ہے کہ ایران نے قطر یا عمان کو امریکا کے ساتھ جنگ بندی یا جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے بات چیت کرنے کا کہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ، قطر اور عمان کی جانب سے اس معاملے پر کسی قسم کا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے جمعہ کو ایران پر شدید حملے اور ایران کے فوری جوابی اقدامات کے بعد خطے کی کشیدگی عروج پر پہنچ چکی ہے، اور ایران نے امریکا کے ساتھ طے شدہ مذاکرات کا چھٹا دور بھی منسوخ کر دیا ہے۔