ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین اور روس نے واضح مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حالیہ حملے ناقابلِ جواز ہیں اور یہ ایران کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
چین کے مستقل مندوب فو کانگ نے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کارروائیاں نہ صرف ایران کی خودمختاری پر حملہ ہیں بلکہ پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔"
چینی نمائندے نے مزید کہا کہ"ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی عسکری مہمات کو فوری طور پر بند کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔"
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ ایک اور خطرناک سرخ لکیر کو عبور کرنا ہے، جو کہ خطے میں جنگ کو مزید ہوا دے سکتا ہے۔
دوسری جانب روس کے مستقل مندوب نے اسرائیلی حملوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ"کسی بھی جارحانہ اقدام کی حمایت نہیں کی جا سکتی، یہ عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔"
روسی مندوب نے واضح کیا کہ "ایران پر اسرائیل کے حملے غیر ضروری اشتعال انگیزی ہیں، عالمی برادری کو ایسی کارروائیوں کے خلاف متحد ہونا چاہیے۔"
روس نے اس موقع پر کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرنے کا اعلان بھی کیا۔


