اسرائیل اپنے کیے کی سزا بھگتنے سے بچ نہیں سکتا،سپریم لیڈر خامنہ ای

اسرائیل اپنے کیے کی سزا بھگتنے سے بچ نہیں سکتا،سپریم لیڈر خامنہ ای
کیپشن: اسرائیل اپنے کیے کی سزا بھگتنے سے بچ نہیں سکتا،سپریم لیڈر خامنہ ای

ویب ڈیسک: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو مفلوج کر کے ہی دم لیں گے اور صیہونی ریاست اپنے کیے کی سزا بھگتنے سے نہیں بچ سکے گی۔

حالیہ کشیدہ صورتحال پر قوم سے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے جوابی کارروائی میں مکمل قوت کا مظاہرہ کیا اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی۔ ان کے مطابق، اسرائیل کا حملہ ایک ناقابلِ معافی جرم تھا، اور ایران تب تک خاموش نہیں بیٹھے گا جب تک اس جرم کے مرتکب عناصر کو عبرتناک سزا نہ دے دی جائے۔

"طاقت ہی واحد زبان ہے جسے اسرائیل سمجھتا ہے"

سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیل صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے، اور ایران اسی زبان میں بات کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ" جنگ کی شروعات اسرائیل نے کی تھی، لیکن اس کا اختتام ایران کے ہاتھوں ہوگا۔"

انہوں نے واضح کیا کہ ایران نے اپنی دفاعی سرحدوں کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اور مستقبل میں بھی اسی شدت کے ساتھ جواب دینے کی پالیسی برقرار رکھی جائے گی۔

آیت اللہ خامنہ ای کے اس بیان کو عالمی مبصرین کشیدگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے کی علامت قرار دے رہے ہیں، جو مشرق وسطیٰ میں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔