ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیل کے حالیہ حملوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں غیرقانونی اور بلاجواز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں نہ صرف ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی بھی ہیں۔
عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے حملے عالمی برادری کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں اور ان کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔
"ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے"
پاکستانی مندوب نے ایران کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ"ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔"
عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ
عاصم افتخار احمد نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر مجبور کرے اور مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے فوری و مؤثر اقدامات اٹھائے۔
پاکستان کا یہ مؤقف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، اور خطے میں ایک بڑی جنگ کے خدشات جنم لے رہے ہیں۔


