ویب ڈیسک: صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیل کے بزدلانہ فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری کا بیان:
صدر مملکت آصف زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں صدرمملکت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر ، بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
صدر مملکت نے حملے میں جانوں کے ضیاع پر ایران کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔
صدرمملکت نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ جارحیت کا احتساب کرے۔ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کیلئے فوری کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت:
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے جارحانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران پر حملہ غیر مستحکم خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرسکتا ہے۔ عالمی برادری،اقوام متحدہ سے جنگ روکنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں۔


