ویب ڈیسک: ایران اور اسرائیل کے مابین کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، ایسے میں ایران کی طاقتور عسکری فورس پاسداران انقلاب نے اسرائیل کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد ہی " خیبر" میزائل داغا جائے گا، جس کے اثرات دنیا کو حیران کر دیں گے۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فوج اسرائیلی جارحیت کے مراکز کو براہِ راست نشانہ بنا رہی ہے، جن میں فوجی تنصیبات، اسلحہ ساز کارخانے اور اہم فوجی اڈے شامل ہیں۔ یہ کارروائیاں "آپریشن وعدہ صادق سوم" کے تحت انجام دی جا رہی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے میزائل حملے مکمل کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ ردعمل اسرائیل کی جانب سے نہتے شہریوں پر ڈھائے گئے مظالم کا جواب ہے۔
پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ ایران کی سرحدی سلامتی اس کے لیے ایک " سرخ لکیر" ہے، اور جو کوئی بھی اس لکیر کو عبور کرے گا، اسے سخت قیمت چکانی پڑے گی۔
خیبر میزائل کا حوالہ دیتے ہوئے ایرانی فوج نے کہا کہ یہ جدید اور مہلک ہتھیار عنقریب اسرائیل پر داغا جائے گا، اور اس کا اثر اسرائیل کے لیے ایک "چونکا دینے والا مرحلہ" ثابت ہو گا۔


