ویب ڈیسک: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگی صورتحال کے دوران سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا ایک اہم بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب میں موجود ایرانی زائرین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
خادم الحرمین الشریفین نے وزارت حج و عمرہ کو تاکید کی ہے کہ ایرانی زائرین کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ رکھا جائے۔ شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ"جب تک ایران میں حالات معمول پر نہیں آتے، ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں۔"
واضح رہے کہ رواں برس 16 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی جن میں ہزاروں ایرانی شہری بھی شامل تھے۔
ادھر مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر ایران نے اپنی فضائی حدود ہفتے بھر کے لیے بند کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ممکنہ فضائی خطرے سے تحفظ حاصل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں ایران کے درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی رہائشی مقامات، جوہری تنصیبات اور دیگر اہم مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں 6 ایرانی سائنسدانوں سمیت 78 افراد شہید ہوئے ہیں۔
جواباً ایران نے "آپریشن وعدہ صادق سوم" کے تحت شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل پر بھرپور میزائل حملے کیے۔ صرف ایک گھنٹے کے اندر تین مراحل میں 150 سے 200 میزائل داغے گئے۔
پہلے حملے میں 100
دوسرے مرحلے میں 50
اور تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل
اسرائیل کے مختلف فوجی اور صنعتی اہداف پر برسائے گئے۔


